دہلی: جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلی فاروق عبداللہ نے توانگ وادی میں بھارت اور چین کے فوجیوں کے درمیان جھڑپ پر کہا کہ چین کے ساتھ بات چیت کے ذریعے اس معاملے کو جلد حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات قائم نہیں ہوں گے تب تک بھارت میں امن نہیں دیکھ پائیں گے۔ Farooq Abdullah On Tawang Clash
فاروق عبداللہ نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کیا کوئی بھارتی چاہے گا کہ چین ہماری زمین لے لے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے، عسکریت پسندی بھی ہے، لوگوں کی حکومت نہیں ہے۔ کشمیر میں بیوروکریٹس حکومت چلا رہے ہیں۔ ایسے میں اب کیا کہہ سکتا ہوں۔ اگر لوگوں کی حکومت ہوتی تو میں جواب دے سکتا تھا۔ واضح رہے کہ بھارت اور چین کے فوجیوں کے درمیان گلوان وادی میں تقریبا ڈھائی سال پہلے پرتشدد جھڑپوں کے بعد گزشتہ جمعہ کو توانگ سیکٹر میں پھر سے جھڑپ ہوئی ہے جس میں دونوں طرف کے کچھ فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔