یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی 2020) کے کل ہند امتحان کے نتائج جمعہ کے روز جاری کردیئے گئے۔ امتحان میں شوبھم کمار نے پہلی پوزیشن حاصل کی جب کہ جاگرتی اوستھی اور انکیتا جین نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ امتحان میں کل 761 امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں جن میں 545 مرد اور 216 خواتین ہیں۔
جموں و کشمیر کے سات امیدواروں نے اس امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ قومی امتحان میں ڈورو شاہ آباد کے فارسٹ گارڈ کے بیٹے نے 225 واں رینک حاصل کر کے کامیابی حاصل کی ہے۔
وسیم احمد بٹ ولد محمد یوسف بٹ ساکن براگام ڈورو شاہ آباد علاقے کے پہلے نوجوان بن گئے ہیں جنہوں نے یو پی ایس سی امتحان میں کامیابی حاصل کی۔
مذکورہ نوجوان نے اپنی ابتدائی تعلیم مقامی اسکول سرسید مشن اسکول نتھی پورہ میں حاصل کی اور این آئی ٹی سرینگر سے انجینیئرنگ کا کورس مکمل کیا۔ نوجوان کی کامیابی کے پیچھے اس کی محنت اور والدین کا تعاون ہے۔