نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ شراب بدعنوانی معاملہ پوری طرح سے فرضی ہے اور گندی سیاست سے متاثر ہے اور اس لئے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔ کیجریوال سی بی آئی ہیڈکوارٹر میں تقریباً نو گھنٹے تک پوچھ گچھ کے بعد واپس آئے اور اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت کی۔انہوں نے سی بی آئی افسران کے اچھے رویے کے لیے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سارا معاملہ مکمل طور پر جھوٹا اور من گھڑت ہے۔ یہ صرف گندی سیاست سے متاثر ہے۔ سی بی آئی کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔ عام آدمی پارٹی ایک خالص ایماندار پارٹی ہے۔ ہم مر جائیں گے لیکن اپنی ایمانداری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عآپ پورے ملک میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ دہلی اور پنجاب میں ہماری حکومتیں ہیں اور اب ایک قومی پارٹی بھی بن چکی ہے۔ اس لیے یہ لوگ ہمیں بدنام کر کے عآپ کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عآپ پورے ملک میں بہت تیزی سے پھیل رہی ہے۔ پہلے دہلی میں حکومت بنی، پھر پنجاب میں حکومت بنی، اب عام آدمی پارٹی نیشنل پارٹی بن چکی ہے۔ عآپ جگہ جگہ جا رہی ہے اور لوگوں کی امیدوں پر کھری اتر رہی ہے۔ یہ لوگ عام آدمی پارٹی کو ختم کرنا چاہتے ہیں، لیکن اب ایسا نہیں ہو سکتا کیونکہ پورے ملک کے عوام ہمارے ساتھ ہیں۔