اوٹاوا: کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے بھارت پر خالصتان ٹائیگر فورس کے سربراہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل سے منسلک ہونے کے الزامات لگانے کے ایک دن بعد، جسٹن ٹروڈو نے منگل کو کہا کہ کینیڈا چاہتا ہے کہ نئی دہلی اس معاملے کو سنجیدگی سے لے، کینیڈا کسی بھی طرح سے بھارت کو مشتعل کرنے کی کوشش نہیں کر رہا ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم اشتعال انگیزی یا اسے طول دینے کی کوشش نہیں کر رہے ہیں، ہم صرف حقائق کو بیان کر رہے ہیں جیسا کہ ہم سمجھتے ہیں۔
جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ حکومت ہند کو اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔ جہاں تک کینیڈا کا تعلق ہے ہم اپنے جمہوری اصولوں اور اقدار پر قائم رہیں گے اور ہم شواہد کی پیروی کریں گے۔ واضح رہے کہ کینیڈا کے وزیر اعظم ٹروڈو نے پیر کو الزام لگایا کہ ہردیپ سنگھ نجر کی ہلاکت کے پیچھے بھارتی حکومت کا ہاتھ ہے۔ پیر کو ٹروڈو نے دعویٰ کیا کہ ان کے ملک کے قومی سلامتی کے حکام کے پاس اس کے پختہ شواہد ہیں کہ بھارتی حکومت کے ایجنٹوں نے کینیڈین شہری کا قتل کیا۔ ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا کی سیکورٹی ایجنسیاں حکومت ہند کے ایجنٹوں اور ایک کینیڈین شہری، ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے درمیان ممکنہ تعلق کے شواہد کی پیروی کر رہی ہیں۔