چندی گڑھ: بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے دو پاکستانی شہریوں کو پاکستانی فوج کے حوالے کر دیا جو نادانستہ طور پر بین الاقوامی سرحد عبور کر کے بھارت میں داخل ہو گئے تھے۔ بی ایس ایف نے منگل کو ایک بیان میں یہ معلومات فراہم کی۔ بیان کے مطابق فورس کے اہلکاروں نے پیر کو دو پاکستانی شہری، سبیب خان (25) اور محمد چاند (21) کو پنجاب کے ضلع ترن تارن کے نوشہرہ ڈھلہ گاؤں کے قریب بھارتی علاقے میں داخل ہونے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پوچھ تاچھ کے دوران معلوم ہوا کہ دونوں نے نادانستہ طور پر سرحد پار کی تھی۔
ایک بیان کے مطابق دونوں پاکستانی شہریوں کے پاس کچھ ذاتی سامان اور ایک ہزار روپے کی پاکستانی کرنسی کے علاوہ کوئی قابل اعتراض چیز نہیں تھی، جس کے بعد بی ایس ایف نے پاکستانی رینجرز سے رابطہ کیا اور اس سلسلے میں اپنا احتجاج بھی درج کرایا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں پاکستانی شہریوں کو منگل کی دیر رات تقریباً ایک بجے پاکستانی رینجرز کے حوالے کیا گیا۔