لندن:برطانیہ نے میسور کے حکمران ٹیپو سلطان کے لیے بنائی گئی 18ویں صدی میں سونے چاندی سے جڑی فلنٹ لاک اسپورٹنگ گن کی برآمد پر روک لگادی ہے تاکہ خریدار کو آگے آنے کا وقت مل سکے۔ برطانیہ نے یہ بندوق عوامی مطالعہ اور تعلیم کے لیے رکھی ہے۔ اس کی قیمت 20 لاکھ پاؤنڈ ہے۔ برطانیہ کے آرٹس اینڈ ہیریٹیج سکریٹری لارڈ پارکنسن نے سلطان آف میسور کی فلنٹ لاک اسپورٹنگ گن پرایکسپورٹ بار اس امید میں رکھا ہے کہ اسے یہاں برطانیہ میں عوامی نمائش کے لیے رکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوبصورتی سے سجائی گئی بندوق میسور کے سلطان کے لیے بنائی گئی تھی اور یہ 1793 اور 1794 کے درمیان کی ہے۔ چودہ بور بندوق کو شوٹنگ کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا اور اس پراس کے بنانے والے اسد خان محمد کے دستخط ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ میسور کے ٹائیگر کے نام سے مشہور ٹیپو سلطان اینگلو میسور جنگوں کے دوران برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی اور اس کے اتحادیوں کے مخالف تھے۔ وہ 04 مئی 1799 کو اپنے گڑھ سری رنگا پٹنم (سری رنگا پٹنہ) کا دفاع کرتے ہوئے مارے گئے تھے۔ سلطان کی موت کے بعد، ان کے مخصوص ذاتی ہتھیار ممتاز فوجی شخصیات کے حوالے کر دیے گئے۔ یہ آتشیں اسلحے جنرل دی ارل کارن والس کو پیش کیا گیا تھا جو اس سے قبل 1790 اور 1792 کے درمیان ٹیپو سے لڑ چکے تھے۔