کوئمبٹور: تمل ناڈو کی ریاست کوئمبٹور میں ایک خاتون نے گزشتہ دس ماہ سے 55 لیٹر ماں کا دودھ عطیہ Breast Milk Donation کرکے ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کرایا ہے۔ یہ کارنامہ کوئمبٹور کے کنیور علاقے سے تعلق رکھنے والی سندھو مونیکا نے کیا ہے۔ مونیکا کی شادی چھ سال قبل پروفیسر مہیشورن سے ہوئی تھی، ان کی ایک ڈیڑھ سال کی بیٹی بھی ہے۔
سندھو مونیکا کا کہنا ہے کہ انہیں ماں کے دودھ کے عطیہ کے بارے میں سوشل میڈیا کے ذریعہ معلوم ہوا۔ اس کے بعد انھوں نے بھی ماں کا دودھ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسی وجہ سے مونیکا نے تروپور ضلع کے ایوناسی علاقے میں ماں کے دودھ کو ذخیرہ کرنے والی تنظیم امرتھم تھائی پال دنام Amritham Thai Pal Danam سے رابطہ کیا۔
اس تنظیم کی کوآرڈینیٹر روپا نے سندھو مونیکا کو ماں کے دودھ کو کیسے ذخیرہ کیا جائے اور اسے کیسے محفوظ رکھا جائے کے متعلق بتایا، پھر اسی کے مطابق سندھو مونیکا نے گزشتہ دس ماہ سے 55 لیٹر چھاتی کا دودھ ذخیرہ کیا ہے اور اسے کوئمبٹور کے سرکاری اسپتال کو عطیہ بھی کیا ہے۔
اس کارنامے کی وجہ سے مونیکا کو انڈیا بک آف ریکارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا اور اس کی کامیابی کو ایشیا اور انڈیا بک آف ریکارڈ میں تسلیم بھی کیا گیا ہے جہاں اسے سرٹیفکیٹ اور تمغے سے بھی نوازا گیا ہے۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے سندھو مونیکا نے کہا کہ ماں کا دودھ ہر بچے کی ضرورت ہے اور بہت سے بچے ماں کے دودھ سے محروم ہوتے ہیں، سوشل میڈیا پر اس بارے میں جاننے کے بعد میں نے ماں کا دودھ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔