نئی دہلی: بھارتکی اسٹار باکسر اور ٹوکیو اولمپکس میں کانس کا تمغہ جیتنے والی لولینا بورگوہین عالمی چیمپئن بن گئی ہیں۔ خواتین کی عالمی باکسنگ چیمپئن شپ 2023 کے فائنل میچ اتوار کو کے ڈی جادھو اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا گیا۔ 75 کلوگرام کیٹیگری میں کھیلتے ہوئے بھارت کی بیٹی لولینا نے آسٹریلوی باکسر کیٹلن پارکر کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔ لولینا پورے میچ میں فارم میں نظر آئیں اور تمام 3 راؤنڈز میں اچھا کھیلا۔ لولینا نے آسٹریلوی باکسر کیٹلن پارکر کو شکست دے کر خواتین کی عالمی چیمپئن شپ 2023 میں بھارت کو چوتھا گولڈ میڈل دلایا۔ لولینا نے آسٹریلوی باکسر کو زیادہ موقع نہیں دیا۔
لولینا دو اکتوبر 1997 کو آسام کے گولا گھاٹ ضلع کے بارو مکھیا نامی ایک دور افتادہ گاؤں میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والدین کے نام ٹکن بارگوہین اور ممونی بارگوہین ہیں۔ لولینا کا بچپن بہت سادہ تھا لیکن لولینا کے والد نے ہمیشہ اس کا ساتھ دیا۔ وہ پہلے کک باکسنگ کرتی تھیں لیکن ان کے کوچ پدم بورو نے لولینا کو باکسنگ میں ہاتھ آزمانے کو کہا، جس کے بعد ان کی زندگی بدل گئی۔ آسام کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھنے والی لولینا کے بڑے خواب تھے۔ گھر کی مالی حالت اچھی نہ ہونے کے باوجود لولینا نے اپنی جدوجہد اور محنت کے بل بوتے بھارت کے لیے اولمپکس تک کا سفر کیا اور بھارت کو تمغہ بھی دلایا۔ ٹوکیو 2020 کے اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی۔ لولینا بورگوہین عظیم باکسر ایم سی میری کوم اور وجیندر سنگھ کے بعد باکسنگ میں بھارت کے لیے اولمپک تمغہ جیتنے والی تیسری باکسر ہیں۔