نئی دہلی: شاہین باغ میں مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے پندرہ روزہ ’جریدہ ترجمان‘ کے ایڈیٹر اور ماہنامہ ’التوعیہ‘ کے سابق اداریہ نگار اور متعدد کتب کے مصنف عبد القدوس ابن احمد اطہر نقوی کے مضامین کے انتخاب ’مقالات ابن احمد نقوی‘ کی رونمائی کی گئی، جس میں قرب و جوار کے علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مولانا فاروقی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ عبدالقدوس ابن احمد اطہر نقوی نے اپنے والد اور جمعیت اہلحدیث کے ایک ممتاز عالم اور مجلہ اہلحدیث کے ایڈیٹر مولانا سید تقریض احمد سہسوانی کی علمی وراثت کو آگے بڑھایا ہے۔ سہسوان متعدد علمی شخصیات کا گہوارہ رہا ہے اور خود ابن احمد نقوی کے خانوادے میں بھی کئی بزرگ شخصیات گزری ہیں۔ انہوں نے ان سب سے کسب فیض کیا اور پہلے مجلہ اہلحدیث اور پھر التوعیہ میں اپنے مضامین کے ذریعے ملک و ملت کو ایک سنجیدہ راہ دکھانے کی کوشش کی۔book of ahmed naqvi launched in shaheen bagh
مہمان خصوصی مولانا رفیق احمد سلفی نے نقوی صاحب کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہاکہ وہ جس موضوع پر قلم اٹھاتے ہیں اس کے تمام پہلوؤں کا بڑی باریک بینی سے جائزہ لیتے ہیں اور استدلالی انداز میں نتائج کا استخراج کرتے ہیں۔ مہمان اعزازی شیخ صلاح الدین مقبول احمد نے کہا کہ نقوی صاحب کے مضامین میں ملکی و غیر ملکی حالات کا جس طرح تجزیہ کیا جاتا ہے، اس کی مثالیں کم ہی ملتی ہیں۔ ان کی نظر عالمی ادب پر بھی ہے اور عالمی تحریکوں پر بھی، جس کی وجہ سے ان کے مضامین میں ہمہ گیری کا رنگ نظر آتا ہے۔