شاہ رخ گذشتہ تین دہائیوں سے لاکھوں کروڑوں دلوں کے بادشاہ ہیں۔ شاہ رخ نے 80 کی دہائی کے اواخر میں فلم دیوانہ سے فلمی دنیا میں قدم رکھ کر ہندی سنیما کو کئی بہترین فلمیں دی ہیں۔
شاہ رخ خان 56 برس کے ہو گئے ہیں اور ان کے مداح اس خاص دن کو ایک جشن کی طرح مناتے ہیں۔ شاہ رخ خان کی پیدائش 2 نومبر 1965 میں دہلی کے متوسط خاندان میں ہوئی۔
شاہ رخ خان نے ٹیلی ویژن کے ذریعہ انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں قدم رکھا۔ انہوں نے کئی ٹیلی ویژن شوز میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، جس میں دوسرا کیول، دل دریا، فوجی، امید، سرکس، واگلے کی دنیا شامل ہیں لیکن انہیں اصلی پہچان فوجی اور سرکس سے ملی اور ان ٹی وی شوز نے ہی ان کے بالی ووڈ کیریئر کی راہ ہموار کر دی۔
شاہ رخ خان نے ہر کردار میں اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔ انہوں نے ڈر اور بازی گر جیسی فلموں میں منفی کردار ادا کر کے جہاں ناظرین کے دلوں میں الگ چھاپ چھوڑی، وہیں سنہ 1995 اور 1997 میں 'دل والے دلہنیا لے جائیں گے' اور 'دل تو پاگل ہے' جیسی فلموں میں رومانٹک کردار ادا کیے۔ ان کی ان فلموں کی خوب پذیرائی ہوئی اور بالی ووڈ کو ایک نیا رومانوی اداکار ملا۔
ڈر، بازی گر، انجام جیسی فلموں میں منفی کردار میں نظر آنے والے شاہ رخ جہاں بالی ووڈ میں نئے ویلن کے طور پر انٹری لیتے ہیں، وہیں یش راج فلمز نے شاہ رخ کے ان کرداروں کے برعکس انہیں 'چاکلیٹ ہیرو' کے لقب سے نوازا۔