ممبئی: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے ہفتے کے روز کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو گزشتہ انتخابات کی طرح آئندہ انتخابات میں بھی تلنگانہ میں شکست نظر آئے گی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر حملہ کرتے ہوئے اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ نے کہا کہ اگر علاقائی پارٹیاں متحد ہوجائیں تو بی جے پی کو شکست دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کو 2014 اور 2018 کے انتخابات شکست ملی تھی۔ رواں سال بھی دسمبر 2023 میں بی جے پی کو تلنگانہ انتخابات میں دوبارہ شکست ملے گی اور اس کے لیے ہمیں بھی کچھ کریڈٹ دیں۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ وہ اگلے لوک سبھا انتخابات اورنگ آباد سے لڑے گی اور آئندہ انتخابات کے لیے دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے امکان پر بھی غور کرے گی۔
اویسی نے کہا کہ ہم اگلے لوک سبھا انتخابات اورنگ آباد اور دیگر سیٹوں سے لڑیں گے اور کچھ دوسری پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کے امکان پر غور کریں گے۔ اگلے انتخابات میں ہم کس کے ساتھ جائیں گے اس پر تبصرہ کرنا قبل از وقت ہے۔ بھیوانی میں جنید اور ناصر قتل معاملہ پر راجستھان حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ مسلم کمیونٹی کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ راجستھان حکومت ملک بھر میں بھارت جوڑو چلا سکتی ہے، الور میں شاہی شادی میں شرکت کر سکتی ہے لیکن وہ اس جگہ نہیں جا سکتی جہاں جنید اور ناصر کو قتل کیا گیا تھا۔