لکھنؤ: عام انتخابات 2024 کے پیش نظر بی جے پی مسلمانوں کو راغب کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کے ماہانہ ریڈیو پروگرام 'من کی بات' کا اردو میں ترجمہ کرکے اترپردیش کے مدارس اور اسلامی اسکالرز کے درمیان تقسیم کرے گی۔ اتر پردیش بی جے پی اقلیتی مورچہ کے صدر کنور باسط علی نے سال 2022 کے وزیر اعظم کے ریڈیو پروگرام کی 12 قسطیں مرتب کی ہیں۔ علی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ وزیر اعظم مودی کے ’من کی بات‘ پروگرام کی بارہ قسطوں کا اردو میں ترجمہ کیا گیا ہے اور اسے کتاب کے طور پر شائع کیا جائے گا۔ اس میں جنوری سے دسمبر 2022 تک کی قسطیں شامل کی گئی ہیں۔ اسے میرے ذریعہ مرتب کیا گیا ہے اور میرٹھ کے تابش فرید نے اس کا ترجمہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ کتاب رمضان کے دوران تیار ہوکر چھپ جائے گی۔ اس کتاب کو ایک لاکھ لوگوں تک پہنچانے کا ہدف ہے۔ اس کتاب میں دارالعلوم دیوبند اور ندوۃ العلماء جیسے اسلامی تعلیمی اداروں کے سربراہان کے مبارکبادی پیغامات بھی شامل کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کتاب فروخت کے لیے دستیاب نہیں ہوگی۔ اسے اتر پردیش کے مسلم اکثریتی علاقوں میں بطور تحفہ تقسیم کیا جائے گا۔ بی جے پی کے ریاستی اقلیتی سیل کے کارکنان اس کتاب کو ممتاز مدارس، اسلامی اسکالرز، اردو اساتذہ اور علمائے کرام کے لیے بطور تحفہ پیش کریں گے۔علی نے کہا کہ اس کا مقصد وزیراعظم کے پیغامات کو مسلم کمیونٹی تک پہنچانا ہے۔