نئی دہلی: کرناٹک اسمبلی انتخابات 2023 کو لے کر وزیر داخلہ امت شاہ کی رہائش گاہ پر بی جے پی رہنماؤں کی میٹنگ جاری ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، دھرمیندر پردھان، بی ایل سنتوش اور یدیورپا میٹنگ میں شامل ہیں۔ ایسے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ بی جے پی جلد ہی 180 سے 200 سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کر سکتی ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اپوزیشن پارٹیاں کانگریس اور جے ڈی (ایس) نے پہلے ہی زیادہ تر سیٹوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔
کرناٹک اسمبلی انتخابات 2023 میں بی جے پی امیدواروں کی فہرست جاری کرنے میں وقت لیا ہے۔ ایسے میں بی جے پی 224 حلقوں میں سے تقریباً 200 سیٹوں پر ٹکٹوں کا اعلان کر سکتی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور دیگر سینئر لیڈروں نے اتوار کی شام نئی دہلی میں تقریباً دو گھنٹے تک میٹنگ کی۔ اس سے قبل، ریاستی یونٹ نے دہلی میں پارٹی کی سنٹرل الیکشن کمیٹی (CEC) کو ہر حلقے کے لیے دو سے تین امیدواروں کو حتمی شکل دینے والی فہرست بھیجی تھی۔ بی ایس یدی یورپا نے کہا ہے کہ جیت کی بنیاد پر ٹکٹ دیے جائیں گے۔ چیف منسٹر بسواراج بومئی نے کہا کہ امیدواروں کی فہرست کے اعلان سے پہلے پیر کو ایک اور دور کی میٹنگ ہوگی۔