نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار نے ہفتہ کو کہا کہ پارٹی رہنما اور ریاستی وزیر نواب ملک کی گرفتاری سیاسی طور پر محرک تھی اور ان کا نام مسلمان ہونے کی وجہ سے انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم سے جوڑا جا رہا ہے۔ پوار نے اپوزیشن کی جانب سے ملک کے استعفیٰ کے مطالبے کو بھی مسترد کر دیا۔ ملک کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 23 فروری کو داؤد ابراہیم اور اس کے ساتھیوں سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔
این سی پی سربراہ نے کہا کہ "ملک کی گرفتاری سیاسی طور پر محرک ہے۔ اس کا نام داؤد ابراہیم کے ساتھ اس لیے جوڑا جا رہا ہے کیونکہ وہ مسلمان ہیں۔ ملک اور ان کے خاندان کے افراد کو جان بوجھ کر ہراساں کیا جا رہا ہے لیکن ہم اس ظلم وزیادتی کے خلاف لڑیں گے۔ بی جے پی کی طرف سے ملک کا استعفیٰ مانگنے کے بارے میں ایک سوال پر پوار نے کہا کہ ملک اور مرکزی وزیر نارائن رانے پر دوہرے معیارات اپنائے جا رہے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ رانے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما ہیں۔