گزشتہ سال 10 دسمبر کو انڈیگو کی پرواز میں ایک مسافر نے اس وقت خوف و ہراس پھیلا دیا جب اس نے بورڈنگ کے عمل کے دوران ہوائی جہاز کا ہنگامی دروازہ کھول دیا۔ طیارہ چنئی سے تریویندرم جا رہا تھا۔ الزام ہے کہ ہوائی جہاز کا ہنگامی دروازہ بی جے پی کے رکن پارلیمان تیجسوی سوریا نے ہی کھولا تھا۔ جس کے بعد ایس او پی کے مطابق واقعے کی رپورٹ درج کی گئی اور ضروری تفتیش کے بعد طیارہ روانہ ہوگیا۔ جس کی وجہ سے طیارے کی روانگی میں بھی تاخیر ہوئی۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) نے انڈیگو کی 6E-7339 فلائٹ میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
ڈی جی سی اے کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ وہ اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ ایک اہلکار نے بتایا، '10 دسمبر کو ایک مسافر نے چنئی سے ترویندرم جانے والی انڈیگو کی فلائٹ نمبر 6E-7339 کا ایمرجنسی گیٹ کھول دیا، جس سے مسافروں میں خوف پیدا ہو گیا۔ اس کے فوراً بعد طیارے کو چیک کیا گیا اور پرواز نے ٹیک آف کیا۔