نئی دہلی: قومی دارالحکومت کے جہانگیرپوری میں بدھ کے روز متنازعہ انہدامی کارروائی پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کی رکن اسمبلی آتشی نے کہا کہ ''مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی رہائش گاہ اور بی جے پی ہیڈکوارٹر پر بلڈوزر چلنا چاہئے جس کے بعد ملک ہمیشہ کے لیے فرقہ وارانہ تشدد اور فسادات سے آزاد ہو جائے گا۔ انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں الزام لگایا کہ بی جے پی نے ہی جہانگیر پوری میں ہنومان جینتی کے جلوس کے دوران دو برادریوں کے درمیان جھڑپ اور تشدد کے واقعات کو انجام دیا۔ گزشتہ ہفتہ رام نومی کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بھی تشدد ہوئے جس میں بی جے پی کا ہاتھ رہا ہے، اسلئے اگر ملک میں امن و امان برقرار رکھنا ہے تو بی جے پی کے ہید کوارٹر پر بلڈوزر چلنا چاہئے تبھی ملک میں فساد رکیں گے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے روہنگیا اور بنگلہ دیشیوں کو گزشتہ آٹھ سالوں میں ملک کے مختلف حصوں میں غیر قانونی طور پر آباد کرایا تاکہ وہ ان کے ذریعہ تشدد و فسادات کرا سکے۔''
Atishi On Jahangirpuri Violence: امت شاہ کی رہائش گاہ اور بی جے پی ہیڈکوارٹر پر بلڈوزر چلنا چاہئے، عام آدمی پارٹی - رکن اسمبلی آتشی کا ویڈیو پیغام
عام آدمی پارٹی کی رکن اسمبلی آتشی نے اپنے ویڈیو پیغام میں بی جے پی حکومت پر شدید نکتہ چینی کی ہے، انہوں نے کہا کہ امت شاہ کی رہائش گاہ اور بی جے پی ہیڈکوارٹر پر بلڈوزر چلنا چاہئے جس کے بعد ملک میں فسادات بند ہوں گے۔
مزید پڑھیں:۔ Amanatullah Khan On BJP: 'بی جے پی اور وزیر داخلہ امت شاہ دہلی کا ماحول خراب کرنا چاہتے ہیں'
انہوں نے مزید کہا کہ"بی جے پی کہہ رہی ہے کہ بلڈوزر چلانے اور تجاوزات ہٹانے سے تشدد، فسادات اور غنڈہ گردی بند ہو جائے گی، لیکن حقیقت میں بی جے پی دہلی سمیت پورے ملک میں غنڈہ گردی، تشدد اور فسادات کرا رہی ہے۔'' انہوں نے الزام لگایا کہ ہنومان جینتی اور رام نومی کی تقریبات کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں فرقہ وارانہ تشدد کے تمام حالیہ واقعات کے پیچھے امت شاہ اور بی جے پی کا ہاتھ ہے اور اسی لئے بی جے پی ہیڈکوارٹر اور امت شاہ کی رہائش گاہ پر بلڈوزر چلانا چاہیے جس کے بعد ملک میں فسادات نہیں ہوں گے۔