نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے یوم تاسیس کے موقع پر ملک بھر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کریں گے۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری ترون چُگ نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے یہ معلومات فراہم کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی 6 اپریل کو اپنے یوم تاسیس سے لے کر 14 اپریل کو باباصاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے یوم پیدائش تک سماجی انصاف ہفتہ منائے گی اور اس دوران پارٹی کارکن بوتھ، بلاک اور ضلع کی سطح پر کام کریں گے۔ حکومت کی فلاحی اسکیموں کے فوائد پروگرام منعقد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے اپنے یوم تاسیس کے موقع پر 6 اپریل سے 14 اپریل تک ایک خصوصی ہفتہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پروگرام کا افتتاح پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا کریں گے۔ 6 اپریل کو صبح 9.45 بجے تمام کارکن وزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب سنیں گے۔انہوں نے بتایا کہ یوم تاسیس سے پارٹی پورے ملک میں وال رائٹنگ کا کام کرے گی اور نڈا خود دہلی کے ایک بوتھ پر جائیں گے اور وال رائٹنگ کریں گے۔