بنگلور:کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لیے امیدواروں کو حتمی شکل دینے کے لیے طے شدہ میٹنگ سے ایک دن قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر جے پی نڈا نے ہفتے کے روز ریاست میں پارٹی کے اہم رہنماؤں سے ممکنہ ناموں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس میٹنگ میں وزیر اعلیٰ بسواراج بومائی اور بی ایس یدیورپا شامل تھے۔
بی جے پی کا پارلیمانی بورڈ اتوار کو میٹنگ کرے گا تاکہ 224 رکنی کرناٹک اسمبلی کے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی جا سکے۔ ریاست میں 10 مئی کو اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ بحث شروع ہونے سے پہلے وزیر اعلیٰ بومئی نے کہا کہ ہم تمام ممکنہ امیدواروں کے بارے میں بات کریں گے۔ ہمارے پاس ضلع اور سیٹ کے حساب سے تفصیلات اور حالیہ سروے کے نتائج ہیں۔ اس کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہم قومی رہنماؤں سے تفصیلی بات چیت کریں گے۔
بی جے پی جنوبی ریاست میں اقتدار برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پارٹی نے دوبارہ حکومت بنانے کے لیے ریاست میں 224 میں سے کم از کم 150 سیٹیں جیتنے کا ہدف رکھا ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا پوری فہرست ایک ہی بار میں جاری کی جائے گی، بومئی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ چند ناموں کو چھوڑ کر باقی فہرست کا اعلان بورڈ کی منظوری کے بعد کیا جا سکتا ہے۔