نئی دہلی: تریپورہ، ناگالینڈ اور میگھالیہ میں اسمبلی انتخابات سے قبل جمعہ کو نئی دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مرکزی انتخابی کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ جاری ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر جے پی نڈا، کمیٹی کے دیگر ارکان اور شمال مشرقی علاقے سے پارٹی کے کئی سینئر لیڈر پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ میٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔ تریپورہ میں 16 فروری اور ناگالینڈ اور میگھالیہ میں 27 فروری کو اسمبلی انتخابات ہوں گے۔
بی جے پی ذرائع کے مطابق مرکزی الیکشن کمیٹی کی اس میٹنگ میں شمال مشرقی خطے کی ان تین ریاستوں کے لیے پارٹی کی حکمت عملی اور ممکنہ امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔ تریپورہ کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مانک ساہا اور ریاستی بی جے پی صدر راجیو بھٹاچارجی اس میٹنگ کے سلسلے میں دہلی میں ہیں۔ انہوں نے کل یہاں ریاستی الیکشن انچارج مہیش شرما، شمال مشرقی ریاستوں کے بی جے پی کنوینر سمبت پاترا اور تریپورہ کے سابق وزیر اعلیٰ بپلب دیب، پارٹی صدر نڈا اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ میٹنگ کی۔