نئی دہلی: مرکز اور گجرات حکومت نے منگل کو سپریم کورٹ کو بتایا کہ وہ بلقیس بانو کیس کے قصورواروں کو معافی دینے سے متعلق اصل فائل کے ساتھ تیار رہنے کے اس کے 27 مارچ کے حکم پر نظرثانی کے لئے درخواست دائر کر سکتے ہیں۔ جسٹس کے ایم جوزف اور جسٹس بی وی ناگرتنا کی بنچ نے 11 مجرموں کو ان کی قید کی مدت کے دوران دی گئی پیرول پر سوال اٹھایا اور کہا کہ جرم کی سنگینی پر ریاست غور کر سکتی تھی۔ عدالت نے کہا، ایک حاملہ خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی اور کئی لوگوں کو قتل کر دیا گیا۔ آپ متاثرہ کے کیس کا سیکشن 302 (قتل) کے تحت عام کیس سے موازنہ نہیں کر سکتے۔ جس طرح سیب کا موازنہ سنترے سے نہیں کیا جا سکتا اسی طرح قتل عام کا موازنہ قتل سے نہیں کیا جا سکتا۔ جرائم عام طور پر معاشرے اور برادری کے خلاف کیے جاتے ہیں۔ غیر مساوی افراد کے ساتھ یکساں سلوک نہیں کیا جا سکتا۔
بنچ نے کہا، 'سوال یہ ہے کہ کیا حکومت نے اپنا ذہن استعمال کیا اور کس مواد کی بنیاد پر معافی دینے کا فیصلہ کیا۔'عدالت نے کہا کہ آج بلقیس ہے، کل کوئی بھی ہو سکتا ہے۔ یہ میں یا آپ یا کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ اگر آپ معافی دینے کی اپنی وجوہات نہیں بتاتے ہیں تو ہم اپنے نتائج اخذ کریں گے۔' عدالت نے بلقیس بانو کیس کے مجرموں کی سزا میں معافی کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کے حتمی نمٹانے کے لیے 2 مئی کی تاریخ مقرر کی۔ عدالت نے ان تمام مجرموں سے کہا کہ وہ اپنا جواب داخل کریں، جنہیں نوٹس جاری نہیں کیا گیا ہے۔ عدالت نے مرکز اور ریاست سے کہا کہ وہ نظرثانی درخواست داخل کرنے کے سلسلے میں اپنا موقف واضح کریں۔