دہلی:بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار تین روزہ دورہ دہلی پر ہیں۔ اس دوران انہوں نے بدھ کی شام عآپ کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں لیڈروں نے مرکز کی مودی حکومت کے خلاف مل کر کام کرنے کی بات کی۔ سی ایم کیجریوال نے کہا کہ اس وقت ملک بہت مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔ آزادی کے بعد سب سے کرپٹ حکومت آج ملک کے اندر ہے، اس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں مل کر مرکز کے اندر حکومت بدلیں اور ایسی حکومت آئے جو ملک کو ترقی دے سکے۔
'میں نتیش کمار کے ساتھ ہوں': عآپ کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ نتیش جی سبھی اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں پوری طرح ان کے ساتھ ہوں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا نتیش کمار وزیر اعظم کے امیدوار بننے کے لیے موزوں ہیں، کیجریوال نے کہا کہ آپ کے ذہن میں بہت سے سوالات ہوں گے، جن کا جواب صرف ایک ملاقات کے بعد نہیں دیا جا سکتا۔