گاندھی نگر: گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے اپنے کابینہ کے وزراء کے ساتھ جمعہ کو ریاست کے گورنر آچاریہ دیوورت کو اپنا استعفیٰ پیش کیا۔ پٹیل نے کابینی وزراء کے ساتھ آج یہاں گورنر دیوورت سے ملاقات کی اور ریاستی کابینہ کے ساتھ اپنا استعفیٰ نامہ سونپا۔ انہوں نے کابینہ کی طرف سے ملنے والے تعاون پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔ Bhupendra Patel Submits Resignation
گورنر دیوورت نے انہیں اسمبلی انتخابات میں ان کی جیت پر مبارکباد دی اور پٹیل سے کہا کہ وہ کابینہ کے ساتھ اس وقت تک برقرار رہیں جب تک کہ دیگر انتظامات نہیں ہو جاتے۔ وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل نئی حکومت کی تشکیل اور آئندہ انتظامات ہونے تک قائم مقام وزیراعلیٰ رہیں گے۔
گجرات بی جے پی کے صدر سی آر پاٹل نے کل بتایا تھا کہ گجرات کے وزیر اعلیٰ 12 دسمبر کو دوپہر 2 بجے حلف لیں گے۔ حلف برداری کی تقریب گاندھی نگر ہیلی پیڈ گراؤنڈ میں ہوگی۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ شرکت کریں گے۔