اتر پردیش کے سیتا پور میں ایک کسان رہنما کو یرغمال بنائے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے راکیش ٹکیت نے ضلع سطح پر احتجاج کی وارننگ دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بھارتیہ کسان یونین نے بھی ٹویٹ کر اترپردیش کے ہر ضلع میں پولیس سپرنٹنڈنٹ کے دفتر پر احتجاج کرنے کی بات کہی ہے۔ بھارتیہ کسان یونین نے ٹویٹ کیا ہے کہ اگر کسان رہنماؤں کے گھر سے پولیس کو نہیں ہٹایا گیا تو متعلقہ سپرنٹنڈنٹ آفس کے دفاتر پر احتجاج کیا جائے گا۔
دراصل، تینوں زرعی قوانین کی واپسی اور کم از کم امدادی قیمت پر قانون کی گارنٹی کے مطالبہ کو لیکر دہلی غازی پور بارڈر سمیت دارالحکومت دہلی کی مختلف سرحدوں پر چلنے والے کسانوں کے احتجاج کو دس ماہ مکمل ہونے والے ہیں۔ کسانوں کی تحریک کو مزید تیز کرنے کے لیے کسان رہنما پورے ملک میں جا رہے ہیں اور کسان مہا پنچایت کا انعقاد کر رہے ہیں۔ اس تناظر میں بھارتیہ کسان یونین کے رہنما راکیش ٹکیت پیر کو اتر پردیش کے سیتا پور میں کسان مہا پنچایت سے خطاب کرنے والے ہیں۔