ریاست اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں بھارتیہ کسان یونین کی ضلعی یونٹ کسانوں کے مسائل کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات میں بھی اہم کردار ادا کررہی ہے۔ بھارتیہ کسان یونین کی ضلعی یونٹ نے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے اجتماعی شادی کی تقریب منعقد کی جس میں غریب بچوں کی شادی کرائی گئی۔
بارہ بنکی: بھارتیہ کسان یونین ہر برس اجتماعی شادی کی تقریب منعقد کرتی ہے یہاں کسان یونین تقریباً 20 برس سے مسلسل اجتماعی شادی کی تقریب منعقد کررہا ہے۔ کسان یونین اب تک 4000 ہزار سے زیادہ لڑکیوں کی شادیاں کراچکا ہے.
بھارتیہ کسان یونین ہر برس کسان یونین کے بانی مرحوم مہیندر سنگھ ٹکیت کی جینتی کے موقع پر اجتماعی شادی کی تقریب منعقد کراتا آرہا ہے. گزشتہ برس کووڈ-19 کی وجہ سے یہ تقریب نہیں ہوپائی تھی۔ رواں برس تقریباً 100 جوڑوں کی شادی یہاں کرائی گئی۔
مزید پڑھیں:دس برس تک احتجاج کرنا پڑا تو کریں گے: راکیش ٹکیت
کسان یونین اجتماعی شادی کی یہ تقریب اپنے وسائل سے کراتا ہے۔ اس کے لئے وہ کسی قسم کی کوئی حکومتی امداد نہیں لیتا لیکن کسان یونین کی اس تقریب میں انتظامیہ کا مکمل تعاون رہتا ہے۔ یہاں ہونے والی شادیوں میں کسان یونین لڑکیوں کو ایک الماری اور ایک سلائی مشین جہیز کے طور پر دیتی ہے. اس کے علاوہ شادی میں آنے والے لوگوں کے لئے کھانے پینے کا بھی انتظام رہتا ہے. یہ تقریب اس قدر منفرد ہے کہ یہاں آنے والے جوڑوں کو دعا دینے کے لیے تمام پارٹیوں کے رہنما آتے ہیں.