جموں و کشمیر میں 4 جی انٹرنٹ خدمات کی معطلی کو ایک برس مکمل ہو چکے ہیں۔ اسی مناسبت سے جموں کے چند نوجوانوں نے دریائے توی کے کنارے 4 جی برسی کا اہتمام کیا ہے۔
ہندو مذہب کے پیروکار کسی کی ہلاکت کے ایک برس بعد اس کی روح کی شانتی کے لیے برسی مناتے ہیں اور پوجا پاٹ کرتے ہیں۔
چند روز قبل جموں و کشمیر انتظامیہ نے خطے میں 4 جی انٹرنیٹ خدمات سے متعلق 20 دنوں کے لیے مزید توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔
بدھ کو جموں و کشمیر کے ہوم ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا ہے، جس میں تیز رفتار موبائل انٹرنیٹ خدمات پر پابندی کو برقرار رکھتے ہوئے 19 اگست تک اس میں توسیع کر دی گئی۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں گذشتہ برس 5 اگست کے بعد سے مسلسل 4 جی انٹرنیٹ خدمات معطل ہے۔ اس سلسلے میں 7 اگست کو سپریم کورٹ میں سماعت متوقع ہے، جس کے سبب فی الحال قومی سالمیت کے حوالہ دے کر 4 جی خدمات کی معطلی میں مسلسل توسیع کی جا رہی ہے۔