اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

'دیواروں سے حقیقت کو نہیں چھپایا جاسکتا'

ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد پر کیے جانے والے خرچوں اور بے جا اصراف کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ملک غربت کو چھپانے کے لئے دیوار کی تعمیر کو منافقت سے تعبیر کیا۔

'دیواروں سے حقیقت کو نہیں چھپایا جاسکتا'
'دیواروں سے حقیقت کو نہیں چھپایا جاسکتا'

By

Published : Feb 24, 2020, 3:11 AM IST

Updated : Mar 2, 2020, 8:53 AM IST

پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت نے امریکی صدر کے استقبال پر غیر معمولی اور بے جا تصرفات کئے اور آمد کے پورے راستے کے گرد ایک دیوار چن دی تاکہ صدر عالی وقار کو سڑک کے کنارے موجود غریبوں کی جھگی اور جھونپڑیاں نظر نہ آئیں اور ملک میں موجود غربت اور عدم مساوات ان پر ظاہر نہ ہوسکے۔

'دیواروں سے حقیقت کو نہیں چھپایا جاسکتا'

صدر ویلفیئر پارٹی نے حکومت کو متنبہ کیا کہ 'ملک کے اندرونی حالات سے ہر وہ شخص واقف ہے جس کی نظر بین الاقوامی سطح پر موجود سماجی و اقتصادی اعداد و شمار پر ہوتی ہے، اسے ان پردوں سے نہیں چھپایا جاسکتا'۔

حال ہی میں اقوام متحدہ کی گلوبل ہنگر رپورٹ 2019 سے پتہ چلتا ہے کہ 117 ملکوں کی فہرست میں اس بار بھارت کا نمبر پھسل کر 102 پر آگیا ہے۔پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا اس معاملہ میں ہم سے بہتر ہیں۔

ڈاکٹر الیاس نے مزید کہا کہ 'غیر ضروری تزئین و آرائش پر ملک کی دولت کو خرچ کرنے کے بجائے اسے اگر غربت کے ازالہ کے لئے خرچ کیا جاتا تو شاید یہ ملک کی زیادہ بہتر خدمت ہوتی'۔

پارٹی کے قومی صدر نےکہا کہ' میڈیا میں شائع خبروں کے مطابق مسٹر ٹرمپ اس دورے میں بھارت میں مذہبی آزادی اور شہریت ترمیمی قوانین سے پیدا شدہ مسائل بھی اٹھائیں گے۔ابھی چند روز قبل یوروپی یونین کی پارلیمنٹ نے تقریباً 600 ممبران کی غیر معمولی اکثریت سے بھارت شہریت ترمیمی قانون پر 6 قرار دادیں یہ کہتے ہوئے بحث کے لئے منظور کرلیں کہ یہ قانون ملک کی شہریت کے ضابطوں میں ایک خطرناک تبدیلی ہیں'۔

پارٹی کے قومی صدر نے کہا کہ'مودی حکومت نے ان کالے قوانین کے ذریعہ بھارت کی بین الاقوامی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔حال ہی میں شائع جمہوری قدروں کے بین الاقوامی انڈکس پر بھارت 10 پوائنٹ کھسک کر نیچے آگیا ہے'۔

مزید پڑھیں:'مسلمانوں کی حب الوطنی پر کوئی شک نہیں'


انہوں نے کہا کہ' دنیا بھارت کی طرف دیکھتی ہے کہ یہاں مذہبی آزادی کا دور دورہ ہوگا اور دستور کے مطابق ہر شہری کی قانون کی نگاہ میں یکساں حیثیت اور رتبہ ہوگا اور ہر ایک سے یکساں سلوک کیا جائے گا۔ کاش کے مودی حکومت نے ملک کو سماجی اور اقتصادی اعتبار سے اونچا اٹھانے کے لئے اقدامات کئے ہوتے اور ملک میں امن و سلامتی، خیر سگالی و بھائی چارہ اور سماجی بہبود کے لئے پالیسیاں وضع کی ہوتیں نہ کہ استحصالی اور نفرت انگیز اور ووٹ بینک کی سیاست کو فروغ دیا ہوتا'۔

Last Updated : Mar 2, 2020, 8:53 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details