تفصیلات کے مطابق شہر کے علاقہ سوداگر محلے کے رہنے والے انشل کے گھر میں ان کی اہلیہ 32 سالہ انامیکا کی لاش گھر کے اندر کمرے میں پھانسی کے پھندے سے لٹکتی ہوئی پائی گئی۔
رکھشا بندھن پر خاتون کی خود کشی - ہردوئی میں خود کشی
اترپردیش کے ضلع ہردوئی میں ایک خاتون کو رکھشا بندھن کے موقع پر گھر جانے کی اجازت نہ ملنے پر اس نے مبینہ طور پر خود کشی کرلی، جبکہ خاتون کے مائیکے والوں نے سسرال والوں پر قتل کا الزام عائد کیا۔
ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی کہ انامیکا کو رکھشا بندھن کے دن ان کے بھائی کے گھر جانے سے روکے جانے پر برہم ہو کر انہوں نے خود کشی کرلی۔ لیکن انامیکا کے مائیکے والوں کا الزام ہے کہ سسرال والوں نے ان کا قتل کردیا اور ان کے مردہ جسم کو پھانسی کے پھندے سے لٹکا دیا تا کہ خود کشی ظاہر ہو۔
اس معاملہ میں انامیکا کے گھر والوں نے ضلع کے ڈی ایم سے شکایت کی اور انصاف کا مطالبہ کیا ۔ دوسری جانب ایس پی آلوک پریہ درشی نے بتایا کہ معاملہ خود کشی کا معلوم ہوتا ہے لیکن انامیکا کے گھر والوں پر تفتیش کی جارہی ہے اور پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے۔ اس کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔