اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

آٹھ ریاستوں کی خواتین کا شاہین باغ مظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی - شاہین باغ خواتین

ترمیم شدہ قومی شہریت قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف شاہین باغ کی خواتین مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لئے آٹھ ریاستوں سے آنے والی خواتین نے کہا کہ وہ ان خواتین کی تحریک کی حمایت کرنے اور مظاہرین کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملاکر چلنے آئی ہیں۔

آٹھ ریاستوں سے آنے والی خواتین کا شاہین باغ مظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی
آٹھ ریاستوں سے آنے والی خواتین کا شاہین باغ مظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی

By

Published : Jan 28, 2020, 3:16 PM IST

Updated : Feb 28, 2020, 7:13 AM IST


ان آٹھ ریاستوں کی خواتین کے گروپ میں کرناٹک، کیرالہ، تلنگانہ، آندھرا پردیش، مہاراشٹر، تمل ناڈو، مدھیہ پردیش اور پڈوچیری کی خواتین شامل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ شاہین باغ کی جن خاتون مظاہرین نے پورے ملک کی خواتین کو اپنے حق ، اپنے ملک اور اپنے دستور کے تئیں بیدار کیا ہے ، وہ انہیں سلام کرنے آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ریاستوں میں قومی شہریت (ترمیمی)قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف مسلسل مظاہرہ کررہی ہیں اور اس قانون کی واپسی تک ہمارا مظاہرہ جاری رہے گا۔

شاہین باغ آنے کے مقصد کے بارے ان خواتین نے بتایا کہ مظاہرہ تو ہم اپنے ریاست میں بھی کررہے ہیں لیکن شاہین اس تحریک کی علامت ہے اور ہم شاہین باغ کی خواتین سے اظہار یکجہتی اور ان کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر چلنے آئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم انہیں یہ بتانے آئے ہیں وہ خود کو اکیلا نہیں سمجھیں پورے ملک کی خواتین ان کے ساتھ ہیں۔

شاہین باغ کا مظاہرہ کو شروع کروانے میں اہم رول ادا کرنے والی سماجی کارکن شیاہین کوثر نے کہا کہ ہم لوگوں کو یہاں مظاہرہ کرنے کا کوئی شوق نہیں تھا، لیکن ملک کے حالات، حکومت کے رویے، دستور کی حفاظت نے ہمیں سڑکوں پر اترنے پر مجبور کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مسلم خواتین بلاضرورت تو گھر سے بھی نہیں نکلتیں لیکن ملک کی خاطر، آئین کو بچانے کی خاطر اور فسطائی طاقتوں کے سماج کو باٹنے کی سازش کے خلاف سڑکوں پر ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم لوگ تین طلاق، دفعہ 370کے خاتمے، بابری مسجد پر سپریم کورٹ کا غیر منصفانہ فیصلہ کے خلاف مسلم خواتین سڑکوں پر نہیں اتریں۔ حالانکہ تین طلاق مسلم عورتوں کے گھربرباد کرنے کے جیسا قانون ہے، لیکن جب معاملہ ملک اور بھارتی آئین کی حفاظت کا ہے، سماجی ہم آہنگی کا ہے تب مسلم خواتین سڑکوں پر اتری ہیں ۔
انہوں نے موجودہ حکومت کی مطلق العنانیت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کوئی حکومت کبھی مستقل نہیں رہتی اور اگر یہ حکومت مستقبل رہنے کا خواب دیکھ رہی ہے تو سخت مغالطہ میں ہے۔ اس کو بھی جانا ہوگا، ہندوستانی عوام جاگ چکے ہیں۔

شاہین کوثر نے شاہین باغ میں یوم جمہوریہ کی تقریب کی مناسبت سے کہا کہ یہاں کے لوگوں نے شریک ہوکر یہ پیغام دے دیا ہے کہ انہیں جمہوریت، آئین اور یوم جمہوریہ میں کتنا اعتماد ہے۔

انہوں نے مرکزی حکومت کی بے حسی کی طرف اشارہ کر تے ہوئے کہاکہ یہاں کی خواتین بھوک ہڑتال پر بیٹھی ہیں لیکن حکومت کا کوئی نمائندہ یہاں نہیں آیا ۔
انہوں نے الزام لگایا کہ جس طرح یوگی اترپردیش کو تباہ کر رہے ہیں اسی طرح مودی ملک کو تباہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر اس وقت ثابت قدم ہوکر اس کا مقابلہ نہیں کیا گیا تو پھر یہ موقع کبھی نہیں ملے گا۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں پولیس بربریت کے بعد سے 15دسمبر سے احتجاج جاری ہے اور یہاں 24 گھنٹے احتجاج جاری ہے۔ یہاں انقلابی چائے بھی ملتی ہے جو شام سے رات کے تین چار بجے تک بنتی رہتی ہے۔
چائے بنانے والوں نے کہاکہ یہ ہماری مظاہرین میں گرمی لانے کی ایک چھوٹی سی کوشش ہے۔
دہلی میں درجنوں جگہ پر خواتین مظاہرہ کر رہی ہیں اور اس فہرست میں نظام الدین میں خواتین کامظاہرہ شامل ہوگیا ہے۔ قومی شہریت (ترمیمی)قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف جاری مظاہرہ کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب یہ مظاہرہ دہلی کے بیشتر علاقوں میں پھیل چکا ہے ۔
اترپردیش کے سمبھل سے خواتین کے بڑے مظاہرے کی خبر آرہی ہے جہاں ہزاروں خواتین رات دن مظاہرہ کر رہی ہیں۔

شاہین باغ کے بعد خوریجی خواتین مظاہرین کا اہم مقام ہے۔ خوریجی خاتون مظاہرین کا انتظام دیکھنے والی سماجی کارکن اور ایڈووکیٹ اور سابق کونسلر عشرت جہاں نے بتایا کہ خوریجی خواتین کا مظاہرہ ہر روز خاص ہورہا ہے اور اہم مقرر اور سماجی سروکار سے منسلک افراد یہاں تشریف لارہے ہیں۔
محترمہ عشرت جہاں نے بتایا کہ ان مقررین نے سی اے اے، این آرسی اور این پی آر کے خلاف احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے ان کے نقصانات سے لوگوں کو آگاہ کیا۔
دہلی میں اس وقت دہلی میں سیلم پور جعفرآباد، ترکمان گیٹ، بلی ماران، کھجوری، اندر لوک، شاہی عیدگاہ قریش نگر، مالویہ نگر کے حوض رانی، مصطفی آباد، کردم پوری، شاشتری پارک، نور الہی،اوربیری والا باغ، نظام الدین جامع مسجدسمیت ملک تقریباً سو سے زائد مقامات پر مظاہرے ہورہے ہیں۔

اترپردیش میں پولیس کے ذریعہ خواتین مظاہرین کو پریشان کرنے کے باوجود خواتین نے گھنٹہ گھر میں مظاہرہ کیا اور ہزاروں کی تعداد میں خواتین نے اپنی موجودگی درج کرائی۔
اترپردیش میں سب سے پہلے الہ آباد کی خواتین نے روشن باغ کے منصور علی پارک میں مورچہ سنبھالا تھا جہاں آج بھی مظاہرہ جاری ہے۔ اس کے بعد کانپور کے چمن گنج میں محمد علی پارک میں خواتین مظاہرہ کررہی ہیں۔
ان مظاہرے کی اہم بات یہ ہے کہ اس کے پس پشت نہ کوئی پارٹی ہے اور نہ ہی کوئی بڑی تنظیم، جو کچھ بھی آتا ہے وہ رضاکارانہ طور پر آتا ہے۔
دہلی کے بعد سب سے زیادہ مظاہرے بہار میں ہورہے ہیں اور ہر روز یہاں ایک نیا شاہین باغ بن رہا ہے اور یہاں شدت سے قومی شہریت قانون، قومی شہری رجسٹر اور قومی آبادی رجسٹر کے خلاف بہارکی خواتین مظاہرہ کر رہی ہیں۔
گیا کے شانتی باغ میں گزشتہ 29دسمبر سے خواتین مظاہرہ کر رہی ہیں اور یہاں خواتین کی بڑی تعداد ہے۔ اس کے بعد سبزی باغ پٹنہ میں خواتین مسلسل مظاہرہ کر رہی ہیں۔
پٹنہ میں ہی ہارون نگر میں خواتین کا مظاہرہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ بہار کے مونگیر، مظفرپور، دربھنگہ، مدھوبنی، ارریہ، سیوان، چھپرہ، بہار شریف، جہاں آباد،گوپال گنج، بھینساسر نالندہ، موگلاھار نوادہ، سمستی پور، کشن گنج کے چوڑی پٹی علاقے میں، بیگوسرائے کے لکھمنیا علاقے میں زبردست مظاہرے ہو ہے ہیں۔

Last Updated : Feb 28, 2020, 7:13 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details