تلنگانہ خاص طور پر ہاٹ اسپاٹ حیدرآباد میں کورونا وائرس کیسیز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے کے ساتھ ہی مختلف تجارتی کمپنیوں اور تاجروں نے ایک سے دو ہفتوں تک کی مدت کے لئے رضاکارانہ طور پر 'سیلف لاک ڈاؤن' کا اعلان کیا ہے۔
- بیگم بازار:
شہر کے ایک اہم تجارتی مرکز بیگم بازارمیں تاجروں نے کچھ دن پہلے کاروباری اوقات کم کردیئے تھے۔ اسی کو دیکھتے ہوئے کئی دیگر علاقوں کے کاروباری افراد نے احتیاطی اقدام کے طور پر شٹر بند کرنے کا فیصلہ کیا۔
حیدرآباد میں واقع کچھ تجارتی مراکز یا تو کنٹینمنٹ زون میں آتے ہیں یا سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے قریب ہیں۔
- جنرل بازار:
سکندرآباد کے جنرل بازارکے ٹیکسٹائل کے تاجروں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں مدد کے لئے رضاکارانہ طور پر کچھ دن کے لئے کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔
ان کی انجمن نے کیسیز کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ 'یہ فیصلہ لوگوں کے مفاد میں لیا گیا ہے'۔
حیدرآباد کیرانا مرچنٹس ایسوسی ایشن اور حیدرآباد اینڈ سکندرآباد سینیٹری ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ ان کے ممبران اگلے کچھ دن دکانوں کو بند رکھیں گے۔
- لاڈ بازار اور تروپ بازار:
اسی طرح کا فیصلہ ایک اہم تجارتی مرکز تروپ بازارمیں تاجروں نے بھی کیا ہے۔
چوڑیاں اور دلہن کے لباس کے لئے مشہور چارمینار کے قریب تاریخی لاڈ بازار کے تاجروں نے بھی دکانیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔
- پتھر گیٹی:
چارمینار کے قریب بھی پتھر گیٹی میں تاجروں نے جمعرات سے دکانیں بند کردیں۔