لندن: سال کی تیسری گرینڈ سلیم ومبلڈن ٹینس چمپیئن شپ کورونا کی وجہ سے دوسری عالمی جنگ کے بعد پہلی بار منسوخ ہوگئی ہے لیکن اس کی انعامی رقم ان 620 کھلاڑیوں میں تقسیم کی جائے گی جو اس سال حصہ لینے والے تھے۔
ومبلڈن کے منتظم آل انگلینڈ کلب نے جمعہ کو یہ جانکاری دی۔ ومبلڈن کا انعقاد 29 جون سے 12 جولائی تک ہونا تھا لیکن کورونا کی وجہ سے اسے منسوخ کردیا گیا ہے ۔ کلب نے ایک بیان میں کہا کہ 'انعامی رقم ان 620 کھلاڑیوں میں تقسیم کی جائے گی جو اپنی عالمی درجہ بندی کی وجہ سے براہ راست اس چمپین شپ میں مین ڈرا یا کوالیفائنگ میں حصہ لینے کے اہل تھے۔
کلب نے کہا کہ 'اس چمپئن شپ میں مجموعی طور پر ایک کروڑ پونڈ (126 ملین ڈالر) کی انعامی رقم دی جانی تھی۔' کلب نے اطلاع دی کہ کوالیفائنگ میں حصہ لینے والے 224 سنگلز کھلاڑیوں میں سے ہر ایک کو 12،500 پونڈ دیئے جائیں گے جبکہ مین ڈرا سے 256 کھلاڑیوں کو ہر 25،000 پونڈ فیکس دیئے جائیں گے۔ ہر ایک ڈبلز کھلاڑیوں کو 6،250 پونڈ ملیں گے جبکہ وہیل چیئر اور کوائڈ وہیل چیئر کے کھلاڑیوں کو بالترتیب 6،000 اور 5000 پونڈ ملیں گے۔
آل انگلینڈ کلب کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ لیوس نے کہا کہ 'ہمیں خوشی ہے کہ اپنی انشورنس پالیسی کی وجہ سے ہم کھلاڑیوں میں اس انعامی رقم کو تقسیم کرنے میں کامیاب ہیں۔ کلب نے یہ بھی اعلان کیا کہ 2021 ٹورنامنٹ کے لئے مینز سنگلز کی ترجیح صرف عالمی رینکنگ پر مبنی ہوگی جبکہ خواتین کے سنگلز ڈرا میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔