مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر دلیپ گھوش نے شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف احتجاج کرنے والے لوگوں کو لاٹھیاں اور گولی مارنے کی دھمکیاں دی ہیں۔
دلیپ گھوش نے متنازع بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ 'ہماری حکومت نے یوپی سے لے کر آسام میں لوگوں کو گولی ماری ہے'۔
مغربی بنگال کے ندیا میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ 'آپ یہاں آتے ہو، ہمارا کھانا کھاتے ہو، یہاں رہتے ہو اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچاتے ہو، کیا یہ آپ کی زمینداری ہے؟ 'آپ کو لاٹھی سے ماریں گے، گولی ماریں گے اور جیل میں ڈالیں گے۔'
مغربی بنگال میں بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش کا متانزع بیان اس دوران انہوں نے وزیر اعلی ممتا بنرجی پر بھی شدید نکتہ چینی کی اور کہا کہ 'دیدی (ممتا بنرجی) کی پولیس نے عوامی املاک کو تباہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہیں کی کیونکہ وہ ان کے ووٹرز ہیں، ہماری حکومت نے ان لوگوں کو یوپی، آسام اور کرناٹک میں گولی مار دی ہے۔'
بی جے پی کے یہ پہلے سینیئر رہنما نہیں جنہوں نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرہ کررہے لوگوں کے سلسلے میں ایسا متانزع بیان دیا ہے بلکہ اس سے قبل مملکتی وزیر برائے ریل سریش انگڑی نے بھی کہا تھا کہ ' عوامی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو دیکھتے ہی گولی مار دو'۔