وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ سیلون اور بیوٹی پارلربھی کھلیں گے مگرایک اوزار کو 6افراد سے زائد کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا ہے۔
وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے ریاستی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگال میں ہوٹل کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے مگر معاشرتی فاصلے کی سختی سے عمل کیاجائے گا۔
اس کے علاوہ بین اضلاع بسیں چلانے کی بھی اجازت دیدی گئی ہے اس سے قبل گرین زون کے اضلاع میں بس چلانے کی اجازت تھی۔اس کے علاوہ اسپورٹس کی بھی اجازت دیدی گئی مگر بھیڑ جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ممتا نے کہا کہ 21مئی سے سیلون اور بیوٹی پارلر کھولنے کی اجازت ہوگی۔خیال رہے کہ بیوٹی پارلر کھولنے کی ایک طویل مدت سے انتظار کیاجارہا تھا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ معاشرتی فاصلے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ بیوٹی پارلر اور سیلون میں حفاظتی انتظامات بھی کرنے لازمی ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بڑی دوکانیں کھولنے کی اجازت 21مئی سے دی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہاکرز غیر کنٹیمنٹ زون میں 27مئی سے دوکانیں کھول سکتے ہیں۔تاہم ریسٹورنٹ کو کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی۔اسی طرح سنیماہال اور تھیٹر کو کھولنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔