اتراکھنڈ کے چمولی میں گلیشیئر ٹوٹنے سے آئے سیلاب کے سبب ہوئی تباہی کے تعلق سے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ امت شاہ، کانگریس کی صدر سونیا گاندھی، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی، پرینکا گاندھی سمیت کئی اعلی رہنماؤں متاثرین کے تئیں گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔
گلیشیئر سانحہ سے متعلق ملک و بیرون ممالک کے متعدد رہنماؤں نے مہلوکین کے اہلخانہ و متاثرین کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے چمولی تباہی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ ٹویٹ میں لکھا کہ برطانیہ بھارت کے لیے ہر ممکن مدد کے لئے تیار ہے۔
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے سیلاب سے متعلق وزیر اعظم مودی کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا ہے۔ انہوں نے اس واقعے پر غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا ہے کہ اتراکھنڈ میں گلیشیئر پھٹنے کے بعد فرانس بھارت کے ساتھ مکمل طور پر متحد ہے، جس میں 100 سے زیادہ افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ ہماری تعزیت ان کے اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔
نیپال کی وزارت خارجہ نے بھی اس واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اتراکھنڈ میں برفانی تودے گرنے سے آنے والے سیلاب کے سبب متعدد افراد کی موت اور ان کے لاپتہ ہونے کی خبروں سے ہم غمزدہ ہیں۔ ہم ہلاک ہوئے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور لاپتہ افراد کی حفاظت کے لیے دعا کرتے ہیں۔