کانپور انکاؤنٹر پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے اترپردیش حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی پوری ذمہ داری وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر عاید ہوتی ہے۔
انہوں نے حیدرآباد میں کہا کہ 'کانپور میں کیا ہوا؟ اس کا پورا الزام اور ذمہ داری اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے 'ٹھوک ڈیں گے' پالیسی کے نام پر لوگوں کو ہلاک کرنا شروع کیا۔ تب سے ہی ایسے تصادم شروع ہوئے'۔
اویسی نے یوگی سے درخواست کی ہے کہ 'اب وقت آگیا ہے کہ وہ (وزیر اعلی یوگی) ٹھوک ڈیں گے کی پالیسی کو تبدیل کریں۔ ہم گن کے ذریعہ ملک یا ریاست نہیں چلا سکتے۔ ملک آئین اور قانون کی بنیاد پر چلایا جاتا ہے'۔
انھوں نے کہا ہے کہ 'یہ واقع ٹھوک ڈیں گے والی پالیسی ہی کی وجہ سے ہوا۔ ایک مجرم جس پر 60 مقدمات درج کیے گئے تھے اور جس کی ضمانت پولیس اور حکومت نے منسوخ نہیں کی تھی۔ اس نے آٹھ پولیس افسران کو ہلاک کردیا ہے، جو بڑے شرم کی بات ہے'۔
اویسی نے پھر اتر پردیش کے وزیراعلی سے کہا کہ 'وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ مجرم وکاس دبے کو فوری گرفتار کیا جائے اور انکاؤنٹر کے نام پر اس کا قتل نہ کیا جائے'۔
اویسی نے مزید کہا ہے کہ 'ایک خصوصی فورس تشکیل دی جانی چاہئے اور یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی حکومت کو یہ یقینی بنانا چاہئے کہ ان بہادر پولیس افسران کی ہلاکت کے لئے اس مجرم کو سزا سنائی جائے اور اسے سخت ترین سزا دی جائے تب ہی یہ جمہوریت اور آئین کی فتح ہوگی'۔