یہ نمبر 1800-3133-60000 دہلی پریس کلب میں منعقد پریس کانفرنس میں وکیلوں، صحافیوں، اساتذہ اور سماجی کارکنوں کی موجودگی میں جاری کیا گیا۔
یونائیٹیڈ اگینسٹ ہیٹ کے رکن ندیم خان نے بتایا کہ 'بھیڑ کے حملوں، ماب لنچنگ اور نفرت پر مبنی حملوں کے پیش نظر ہم ایک ٹال فری نمبر شروع کر رہے ہیں۔ یہ ہیلپ لائن نمبر اس طرح کے واقعات کے متاثرین کا موقف معلوم کرنے اور انہیں عدالتوں میں انصاف دلانے کے لیے شروع کیا جا رہا ہے۔'
انہوں نے بتایا کہ 'ہیلپ لائن سینٹر کا مقصد بھیڑ کے تشدد کا شکار لوگوں کو فوری طور پر انصاف دلانے میں مدد کرنا، میڈیا کے توسط سے صحیح رپورٹنگ، ڈاکیومینٹشن اور عدالتی مدد کی کوشش کرنا نیز اس طرح کے حملوں کے واقعات کا دستاویز تیار کرکے اس پر مرحلہ وار تحریک چلانے کی کوشش کرنا ہے۔'
انہوں نے دعوی کیا کہ 'ریاستی اور مرکزی حکومتوں نے ایسے واقعات پر صرف بیان بازی کی ہے اور حکومت کے تمام دعوؤں کے باوجود اس طرح کے واقعات نہیں رک رہے ہیں۔'
مائناریٹی کرشچین فورم کے صدر فادر مائیکل ولیم نے کہا کہ 'ٹول فری نمبر کا اجراء ایک اچھی کوشش ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'عیسائیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا اور ملک بھر میں اس طرح کے کئی واقعات ہوئے ہیں۔ ہم سب کو آئین کو بچانے کے لیے سامنے آنا ہوگا اور محبت اور بھائی چارے کو قائم کرکے ملک کو آگے بڑھانا ہوگا۔'