تریپورہ کے وزیر اعلی وِپلب کمار دیو کی کورونا وائرس کی جانچ کی رپورٹ منفی آئی ہے لیکن ان کی اہلیہ نیتی دیو اور بیٹی شریقہ اس وائرس سے متاثر پائی گئی ہیں۔
وپلب دیو نے یہ اطلاع سوشل میڈیا پر دی ہے۔ انہوں نے منگل کی صبح فیس بک پر لکھا کہ "میری کورونا جانچ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ میں اگلے سات دنوں تک گھر پر قرنطینہ میں رہوں گا اور دیگر رہنما ہدایات پر عمل کروں گا۔ میں گھر سے کام کروں گا۔ میں تری پورہ کے پیارے عوام کی دعاؤں اور تمناؤں کے لئے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ کورونا وائرس کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور ہم سب مل کر اس کے خلاف جیت حاصل کریں گے"۔
ان کی اہلیہ اور بیٹی کو کورونا وائرس کی جانچ میں مثبت پایا گیا ہے، لیکن ان کی بزرگ والدہ اور ان کے بیٹے کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ کچھ دنوں پہلے، ان کی سکیورٹی میں تعینات ایک سکیورٹی گارڈ کووڈ ۔19 سے متاثر پایا گیا تھا۔ حال ہی میں وزیر اعلی کی رہائش گاہ کا دورہ کرنے والی ان کی بھانجی کو بھی اس وائرس سے متاثر پایا گیا ہے۔وزیر اعلی کے اہل خانہ میں کورونا وائرس کے انفیکشن کی ہلکی علامات پائی گئیں ہیں۔
انہیں گھر پر الگ تھلگ رکھا گیا ہے اور لوگوں کو وزیر اعلی کی رہائش گاہ میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس: اڈیشہ میں شفایابی کی شرح 61 فیصد