تین بار کے اولمپک طلائی تمغہ یافتہ بلبیر سنگھ کا طویل علالت کے بعد آج صبح موہالی میں انتقال ہو گیا۔
صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے ٹویٹ کر کے کہا کہ 'ہاکی لیجنڈ بلبیر سنگھ سینیئر کے انتقال کی خبر سے دکھ ہوا، وہ تین بار کے اولمپک طلائی تمغہ یافتہ، پدم شری ایورڈی اور بھارت کے شاندار کھلاڑی تھے، ان کی وراثت مستقبل کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ ان کے خاندان اور دوستوں کے تئیں میں اپنی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی پدم شری ایوارڈ یافتہ بلبیر سنگھ سینیئر کے انتقال پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
مودی نے ٹویٹ کر کے کہا کہ 'پدم شری سے سرفراز بلبیر سنگھ سینیئر اپنی بہترین کارکردگی کے لیے یاد کئے جائیں گے۔ انہوں نے ملک کو کئی بار فخر کا موقع فراہم کیا ہے۔
وزیراعظم نے لکھا کہ 'اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ایک بہترین ہاکی کھلاڑی تھے اور اس کے ساتھ ہی شاندار مینٹور تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سے افسردہ ہوں۔ ان کے اہل خانہ کے تئیں ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔
مرکزی وزیر کھیل كرن ریجیجو نے بھی بلبیر سنگھ سینیئر کے انتقال پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
ریجیجو نے ٹویٹ کر کے کہا کہ 'ہندستان کے لیجنڈ ہاکی کھلاڑی بلبیر سنگھ کے انتقال کی خبر سے غمگین ہوں۔ وہ 1948 لندن اولمپکس، 1952 ہیلسنکی اولمپکس اور 1956 میلبورن اولمپکس میں طلائی تمغہ فاتح ٹیم کے حصہ تھے۔ میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
اس کے ساتھ پنجاب کے وزیراعلی کیپٹن امریندر سنگھ نے بلبیر سنگھ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔