میگھالیہ میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے آٹھ نئے معاملات کی تصدیق کے بعد جمعرات کے روز ریاست میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 305 ہوگئی ہے۔
اسٹیٹ ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر امن وار نے بتایا کہ نئے معاملات میں سے تین کا تعلق مشرقی کھاسی پہاڑی ضلع میں بارڈر سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سے ہے۔ وہیں ری بھوئی ضلع میں نیم فوجی دستے کا ایک اہلکار اس وائرس کی گرفت میں آگیا ہے۔ مشرقی کھاسی پہاڑی ضلع میں تین دیگر افراد اور ضلع ری بھوئی میں ایک شخص میں یہ انفیکشن پایا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی مشرقی کھاسی پہاڑی ضلع میں کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کی تعداد 267 ہوگئی ہے، جن میں 201 بی ایس ایف اہلکار ہیں۔ وہیں چودہ نیم فوجی دستوں کے جوانوں سمیت 52 شہری وائرس کی زد میں آگئے ہیں۔