'عید پرخریداری نہیں، ضرورت مندوں کی مدد کریں'
کورونا عالمگیر وبائی بیماری سے پوری دنیا متاثر ہے جس کا اب تک صرف ایک ہی موثر حل ہے وہ ہے لاک ڈاؤن اور معاشرتی دوری۔ اس تناظر میں آنے والے عید کے تہوار کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر تعلیم، مصنف اور سماجی کارکن ڈاکٹر آمنہ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے تمام تنازع سے بالا تر ہو یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے ۔
ڈاکٹر آمنہ نے کہا ہے کہ اگر آپ ایک سچے انسان ہیں تو کورونا وارئیرس کی طرح سماجی دوری پر سختی سے پیروی کریں اور اس عید پر خریداری نہ کریں۔ گھر پر ہی رہیں ، ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے لاک ڈاؤن کے اصول اور اپنے فرائض کی انجام دہی کریں اور دعا کریں کہ جلد از جلد اس وائرس کا خاتمہ ہوجائے۔
ڈاکٹر آمنہ نے واضح کیا کہ یہ انتہائی دکھ کی بات ہے کہ کورونا کے ساتھ ایک بہت بڑا بحران یہ ہے کہ اس صورتحال میں غریب اور بے بس مزدور بھوک اور بے روزگار سے گزر رہے ہیں لہذا ہم سب پر لازم ہے کہ ہم اپنے غریبوں ، مزدوروں سے اظہار یکجہتی پیش کرتے ہوئے عید کی خریداری کی رقم دوسروں کی ضروریات کے لئے استعمال کریں ۔جیسے کسی محتاج کنبے کو کھانا کھلانا ، کسی کی اسکول کی فیس ادا کرنا۔ کاروبار شروع کرنے میں مدد کرنا، مکان کا کرایہ ادا کرنے میں مدد کریں۔ انسانیت کی خدمت کو اہم فریضہ سمجھتے ہوئے دل سے غریبوں کی مدد کریں یہی ہمارے لیے سچی عید ہوگی۔