ڈاکٹر ہرش وردھن نے اتوار کو اپنے 'خطابی پروگرام' میں موسم میں تبدیلی کے دوران جان لیوا عالمی وبا کووڈ 19 کا خطرہ اور بڑھنے کے سلسلے میں ظاہر کئے جارہے خدشات کے سلسلے میں انہوں نے کہا کہ ابھی تک ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ہے جس سے یہ پتہ چل سکے کہ ماحول میں ہونے والی تبدیلی کا کورونا پر کوئی اثر پڑتا ہے۔
انہوں نے اس دوران لوگوں کو آگاہ کیا 'آپ اسے میری وارننگ سمجھ لیں یا پھر صلاح، لیکن اگر تہواروں کے دوران ہم نے لاپرواہی برتی تو کورونا پھر سے خطرناک شکل اختیار کرلے گا۔ اس لئے میں کہوں گا کہ تہواروں کے دوران 'دو گز کی دوری، ماسک ہے ضروری' پر عمل ضرور کریں۔ باہر جانے کے بجائے گھر پر رہ کر گھروالوں کے ساتھ تہوار منائیں'۔
وزیر صحت نے کہا 'دنیا کا کوئی بھی مذہب یا خدا یہ نہیں کہتا کہ آپ لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈال کر تہوار منائیں۔ کورونا کے خلاف جنگ کو جیتنے کے لئے ہمیں پی ایم مودی کی عوامی تحریک کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔'
ملک اور دنیا بھر میں خطرناک شکل اختیار کرچکے اس وائرس سے نمٹنے کے لئے ویکسن آنے کے سلسلے میں انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا ویکسن پر ماہرین کی اعلی سطحی ٹیم مسلسل لگی ہوئی ہے امید ہے کہ گھریلو سطح پر ویکسن اگلے سال جولائی تک آسکتی ہے۔