اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

ملک میں کورونا وائرس سے شفایابی کی شرح میں اضافہ مثبت علامت

ملک میں ہر 10 لاکھ آبادی کے تناسب کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد اور اموات کی شرح دنیا کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں کم ہے اور فی الحال بھارت ان سے بہتر حالت میں ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے شفایابی کی شرح میں اضافہ مثبت علامت
ملک میں کورونا وائرس سے شفایابی کی شرح میں اضافہ مثبت علامت

By

Published : Jul 14, 2020, 8:28 PM IST

وزارت صحت کے افسر بہ کار خاص (او ایس ڈي) راجیش بھوشن نے منگل کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ دنیا میں فی 10 لاکھ آبادی میں کورونا وائرس کے متاثرین کا اوسط 1638 افراد ہے جبکہ ہندوستان میں یہ اوسط 637 ہے اور اعدادوشمار کے لحاظ سے روس اور امریکہ میں بھارت کے مقابلے بالترتیب سات اور 14 گنا زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی اموات کی تعداد بھی دنیا کے مقابلے ہندوستان میں کم ہے اور فی 10 لاکھ آبادی میں 73 اموات کے عالمی اوسط کے مقابلے ہندوستان میں یہ اوسط 17.2 افراد ہے۔ یہ تعداد برطانیہ میں 660، اسپین میں 607، امریکہ میں 406، برازیل میں 336 اور میکسیکو میں 269 اموات فی 10 لاکھ آبادی ہے۔

مسٹر راجیش بھوشن نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے معاملوں کی یومیہ نمو کی شرح میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔ 29 مارچ کو جہاں یہ 31.28 فیصد تھی، وہ 3 مئی کو کم ہوکر 9.17 فیصد رہ گئی تھی اور 12 جولائی کو یہ 3.24 فیصد پر آ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے زیر علاج اور صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں بڑا فرق ہے۔ ملک میں اس وقت 311،565 متاثرین زیر علاج ہیں اور صحتیاب افراد کی تعداد 571،459 ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے 86 فیصد معاملے 10 متاثرہ ریاستوں سے سامنے آئے ہیں اور دو سب سے زیادہ متاثرہ ریاستیں مہاراشٹرا اور تمل ناڈو ہیں اور باقی آٹھ ریاستوں میں 36 فیصد معاملے سامنے آئے ہیں۔

ان میں کرناٹک، دہلی، آندھرا پردیش، اترپردیش، تلنگانہ، مغربی بنگال، گجرات اور آسام شامل ہے۔افسر بکار خاص نے کہا کہ ملک میں کورونا کے زیر علاج متاثرین کی تعداد مئی میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی نسبت زیادہ تھی ۔ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی شرح 3 مئی کو صرف 26.5 فیصد تھی اور مئی کے آخر میں یہ شفایابی شرح بڑھ کر 48 فیصد ہوگئی۔

جولائی میں اس میں مزید اضافہ ہوا ہے اور 12 جولائی تک یہ 63.02 فیصد ہوگئی جو کہ ایک مثبت علامت ہے۔ ملک میں 20 ریاستوں میں شفایابی کی شرح قومی اوسط شرح سے کہیں زیادہ ہے۔اس وقت ملک میں 853 سرکاری اور 353 پرائیویٹ لیبارٹریوں میں کوروناوائرس کی جانچ ہورہی ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details