کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا کہ احتجاج کرنے والے کسان وزیر اعظم مودی سے زیادہ سمجھدار ہیں اور وہ تھکنے یا گمراہ ہونے والے نہیں ہیں اور نہ ہی کسی کے بہکاوے میں آنے والے ہیں۔
ملک کا کسان مودی سے زیادہ سمجھدار: راہل گاندھی - کانگریس پارٹی
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے تینوں زرعی قوانین کو رد کرنے کے کسانوں کے مطالبے کو پورا نہ کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ مذاکرات کے بہانے انہیں تھکانا چاہتے ہیں ۔
راہل گاندھی نے منگل کے روز پارٹی ہیڈ کوارٹر پر ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت کسانوں کو آہستہ آہستہ ختم کرنا چاہتی ہے۔ لیکن کسان مودی حکومت کی اس پالیسی کو سمجھ چکے ہیں، اس لیے وہ سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسانوں کی تحریک میں ان کی مدد کے لئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
کانگریس لیڈرنے کہا کہ "ہندوستان کا کسان وزیر اعظم سے زیادہ سمجھدار ہے اور وہ جانتا ہے کہ کیا ہو رہا ہے اور کیا نہیں ہو رہا ہے۔ یہی سچائی ہے اور اس کا واحد حل یہ ہے کہ ان تینوں کالے قوانین کو واپس لینا پڑے گا۔ تکبر میں ڈوبی ہوئی حکومت یہ سمجھتی ہے کہ کسانوں کو تھکایا جاسکتا ہے، انہیں بے وقوف بنایا جاسکتا ہے لیکن کسان کو نہ تو تھکایا جاسکتا ہے اور نہ ہی بے وقوف بنایا جاسکتا ہے۔