تاجروں کی تنظیم رامپور ادھیوگ ویاپار پرمنڈل نے ضلع کے افسران کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر مذہبی رہنماؤں اور افسران نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
گذشتہ دنوں سپریم کورٹ کے آئے بابری مسجد سے متعلق فیصلے کو لے کر ضلع میں نظم و نسق کو بہتر بنانے میں ضلع انتظامیہ کے کردار کی ستائش کی گئی۔
آپسی محبت اور بھائی چارے کی فضا کو مضبوط کرنے کے مقصد سے منعقدہ اس تقریب میں مذہبی رہنماؤں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
شہر کے معروف عالم دین مولانا مفتی محبوب علی نے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے ہم سب کو ساتھ مل کر چلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک انسان کی اولاد ہیں، اس ناتے سے ہم بھائی بھائی ہیں۔
ایڈیشنل ایس پی ارون کمار نے پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'رامپور میں ہمارے پولیس افسران پوری مستعدی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'اگر چیکنگ وغیرہ جیسے مسائل کو لیکر ہمارے دروغہ کی شکایتیں موصول ہو رہی ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ دروغہ متحرک ہیں پولیس اسٹیشن میں بیٹھ کر وقت نہیں گزار رہے ہیں'۔