کشمیر میں مقیم 15 کور کے کمانڈر، لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو نے فوجی حکام سے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس وبا کے وقت میں لائن آف کنٹرول پر گشت کے دوران مناسب احتیاط برتیں کیونکہ اس مرض سے متاثر ہونے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا ہے۔
سرینگر سے موصولہ اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے قومی دارالحکومت میں عہدیداروں نے بتایا کہ فوج کے ایریا انٹلیجنس یونٹ نے اطلاع دی ہے کہ کالعدم عسکریت پسند تنظیم حزب المجاہدین اور لشکر طیبہ کے لگ بھگ 300 عسکریت پسند سرحد عبور کرنے کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ ہفتہ میں پاکستان فوج اور اس کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی نے لائن آف کنٹرول کے پاس 16 لانچ پیڈ سرگرم کردیے ہیں۔ ان میں سے کچھ نوشہرہ اور چیمبور کی ناقابل عبور پہاڑیوں پر بھی واقع ہیں، جہاں سے شمالی کشمیر کے گلمرگ میں شدت پسند آسانی سے دراندازی کے لیے آ جاتے ہیں۔
اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل راجو باقاعدہ طور پر فوجی عہدیداروں سے مل کر انسداد انفلٹریشن گرڈ (سی آئی جی) کو مزید چاق و چوبند کرنے کے لئے ملاقات کر رہے ہیں تاکہ عسکریت پسندوں کو لائن آف کنٹرول کو عبور کرنے کا کوئی موقع نہ ملے۔