ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کا عالمی تبلیغی اجتماع ملتوی کر دیا گیا ہے۔ دراصل لاکھوں کا مجمع، معاشرتی فاصلے سے لیکر سینیٹائزیشن کا عمل اور دیگر احتیاطی تدابیر پورے نہ ہونے کے خدشے کے پیش نظر نیز ملک و بیرون ملک سے آمدورفت میں آنے والی مشکلات کو دیکھتے ہوئے یہ سخت فیصلہ کرنا پڑا ہے۔ اجتماع کی انتظامیہ کو انفیکشن بڑھنے کا خدشہ ہے۔
اس لیے ان حالات کو دیکھتے ہوئے اسی ماہ میں ہونے والے عالمی تبلیغی اجتماع کو فی الحال ملتوی کر دیا گیا ہے۔
اگلی تاریخ کا اعلان سب کچھ ٹھیک ہونے اور کورونا کے حالات ختم ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
آپ کو واضح کرتے چلیں کہ اس بار عالمی تبلیغی اجتماع کے لیے27، 28، 29 اور 30 تاریخ طے کی گئی تھی۔ چار دن کے اس اجتماع کے لیے خصوصی دعائیہ مجلس 30 نومبر کوہونا طے ہوا تھا، لیکن پچھلے کئی مہینوں سے ملک اور دنیا بھر میں کورونا کی پھیلتی وبا کے پیش نظر اجتماع کو منعقد کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔
اجتماع کمیٹی کے ترجمان عتیق الاسلام نے بتایا کہ لاکھوں لوگوں کے مجمعے میں معاشرتی فاصلے کا اہتمام کیا جانا مشکل ہے۔ اس دوران اجتماع گاہ کے بڑے میدان پر سینٹائزیشن کیا جانا بھی ناممکن تھا اور ساتھ ہی اتنی بڑی تعداد میں لوگوں سے ماسک لگانے کی پابندی بھی نہیں کی جاسکتی ہے۔
اس کے علاوہ ملک اور بیرون ملک سے آنے والے جماعت کے افراد کی آمد و رفت کے دوران انفیکشن بھی پھیل سکتا ہے۔'