قبل ازیں دوپہر 12 بجے سے تین بجے تک آخری دیدار کے لیے ان کے جسد خاکی کو بی جے پی کے دفتر میں رکھا جائے گا۔
بی جے پی کے کارگزار صدر جگت پرکاش نڈا کے مطابق ' سشما سوراج کو کل رات نو بجے دل کا دورہ پڑنے کے بعد دارالحکومت دہلی کے ایمس ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کا انتقال ہو گیا'۔
وہ بی جے پی کی جانب سے سات بار رکن پارلیمان منتخب ہوئیں۔ وزارتِ خارجہ کے باوقار عہدے پر فائز رہتے ہوئے انہوں نے بھارت کی خارجہ پالیسیز کو بہتر بنایا۔
مشرقی وسطیٰ کے ممالک ہوں یا یورپی ممالک ہوں، ایشیائی پڑوسی ہوں یا افریقی دوست ممالک سب کے ساتھ بھارت کے خوشگوار مراسم، یکجہتی اور جذبہ خیر سگالی کو مستحکم رکھنے کا کام کیا۔
جموں و کشمیر کے سرحدی تنازعات اور وہاں کے عوامی مسائل پر انہوں نے متوازن موقف اختیار کیا۔ ایسے وقت میں جب مرکز میں بر سر اقتدار حکمراں سیاسی جماعت نے بعض معاملات میں جارحانہ رُخ اختیار کیا ہے، سشما سوراج کے دنیا سے رخصت ہو جانے کی وجہ سے لوگوں میں رنج و غم کا ماحول ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ 'بھارتیہ جنتا پارٹی ایک وفادار خاتون قائد سے محروم ہو گئی۔'