سپریم کورٹ نے کوئلہ کانوں کی نیلامی کے مرکز کے فیصلے کو چیلنج دینے والی جھارکھنڈ حکومت کی عرضی پر منگل کو مرکزی حکومت سے جواب طلب کیا۔
چیف جسٹس اروند شرد بوبڑے،جسٹس آر سبھاش ریڈی اور جسٹس اے ایس بوپنا کی بینچ نے ریاستی حکومت کی ایک رٹ عرضی اور ایک آریجنل سوٹ کی سماعت کے دوران مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کرکے چار ہفتے کے اندر جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔ریاستی حکومت نے دلیل دی کہ مرکزی حکومت نے بغیر کسی صلاح و مشورے کے ہی یک طرفہ فیصلہ کرکے کوئلہ بلاکز کی نیلامی کی ہے،جو نامناسب ہے۔
واضح رہے کہ کوئلہ بلاکز کی تجارتی کان کنی کےلئے نیلامی کے عمل کو شروع کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کے خلاف جھارکھنڈ حکومت نے 18 جون کو سپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کی تھی۔اس کے بعدپچھلے دنوں ریاستی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 131 کے تحت بھی اصل عرض داشت دائر کردی۔مرکز کے ساتھ تنازعہ ہونے پر ریاستی حکومت اسی آرٹیکل کے تحت براہ راست سپریم کورٹ میں معاملہ دائر کرتی ہے۔