اوڈیشہ کے پوری بیچ میں بھارت کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی اور کرکٹر سریش رینا کو ریت کے مشہور فنکار سدرشن پٹنائک نے خراج عقیدت پیش کیا۔
پٹنائک نے دونوں کھلاڑیوں کے لئے ایک پیغام بھی لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 'آپ کے حیرت انگیز شاٹس سے اب ہم سب ہمیشہ محروم ہوگئے'۔
واضح رہے کہ ہفتہ کو دھونی اور رینا نے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی مسلسل 16 برس تک بھارت کے لئے کھیلتے رہے ہیں۔ دھونی کی پیدائش رانچی میں 7 جولائی 1981 کو ہوئی۔
مہندر سنگھ دھونی، وہ نام جس نے کرکٹ کی دنیا میں بھارت کے ہر خواب کو پورا کیا۔ انہوں نے امید دی کہ ہم ہر میچ جیتیں گے۔ خواہ کپتانی ہو یا ان کا کھیل۔ دھونی ہر جگہ پرفیکٹ ہیں۔ اسی لئے کہا جاتا تھا کہ انہونی کو ہونی کر دے اس کا نام دھونی ہے ، لیکن آج ایسا نہیں ہے دھونی ٹیم انڈیا سے باہر ہوگئے ہیں۔
15 برس قبل دھونی نے ون ڈے کرکٹ میں پہلی سنچری اسکور کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کرکٹ کی دنیا میں اپنی دھاک جمائی۔ دھونی پاکستان کے خلاف تیسرے نمبر پر آئے اور 123 گیندوں میں 148 رنز بنائے۔ بھارت نے یہ میچ آسانی سے جیت لیا۔ اس کے بعد دھونی نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔