قومی دار الحکومت دہلی کے اسمبلی انتخابات میں زبردست شکست کے بعد وزیر داخلہ امت شاہ نے اعتراف کیا ہے کہ 'بی جے پی کو اشتعال انگیز تقریروں کا خمیازہ بھگتنا پڑا ہے۔'
انہوں نے یہ بھی قبول کیا کہ 'گولی مارو اور دہلی انتخابات کو ہندوستان - پاکستان میچ سے تعبیر کرنا جیسے بیانات سے بی جے پی کو لوگوں کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔'
امت شاہ نے کہا کہ 'گولی مارو..' اور ’ہند - پاک میچ‘ جیسے بیانات سے بی جے پی کو گریز کرنا چاہئے تھا نیز پارٹی رہنماؤں کے نفرت انگیز بیانات کی وجہ سے انتخابات میں بی جے پی کو نقصان اٹھانا پڑا ہے۔'
واضح رہے کہ بی جے پی کے رہنما کپل مشرا نے ترمیم شدہ شہریت قانون (سی اے اے) کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے خلاف مارچ کی قیادت کی تھی، جس میں انہوں نے نعرہ لگایا، 'ملک کے غداروں کو گولی مارو… کو'۔ اتنا ہی نہیں انتخابات سے عین قبل انہوں نے دہلی کے انتخابات کو 'ہندوستان بمقابلہ پاکستان' قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس انتخابات میں پاکستان کو شکست ہوگی، تاہم فی الحال ان کی ہی ہار ہو گئی۔