پلوامہ حملہ کے بعد کانگریس کی جانب سے حکومت پر سوال اٹھائے گئے تھے جبکہ بی جے پی نے کانگریس سے اس سلسلہ میں معافی کا مطالبہ کیا ہے جس پر ششی تھرور نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ ’میں ابھی بھی یہ جاننے کی کوشش کررہا ہوں کہ کانگریس کو کس بات کی اور کس کےلیے معافی مانگنی چاہئے؟ اس توقع کےلیے کہ حکومت ہمارے فوجیوں کو محفوظ رکھے گی؟ قومی سانحہ پر سیاست نہ کرنے کےلیے؟ یا ہمارے شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرنے کےلیے؟
پاکستان میں وفاقی حکومت کے وزیر فواد چودھری نے کچھ روز قبل کہا تھا کہ پلوامہ حملہ، عمران خان حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ پاکستانی وزیر کے بیان کے بعد بی جے پی نے کانگریس سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا، کیونکہ بی جے پی کا ماننا ہے کہ پلوامہ حملہ کو کانگریس نے حکومت کی سازش قرار دیا تھا۔
مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ ’پلوامہ حملہ کی ذمہ داری پاکستان نے قبول کرلی ہے تاہم اب سازش کی بات کرنے والوں کو ملک سے معافی مانگنی چاہئے۔